جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں دکن چارجرز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو چھ رن سے ہرا کر انڈین پریمیئر لیگ جیت لی ہے۔
دکن چارجرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اووروں میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو تینتالیس رن بنائے جس کے جواب میں رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو سینتیس رن ہی بنا سکی۔
دکن کی طرف سے ہرشل گبز نے ترپن اور اینڈریو سمنڈز نے تینتیس رن بنائے۔ سمنڈز نے اٹھارہ رن کے عوض دو کھلاڑی آؤٹ بھی کیے۔
آئی پی ایل ٹورنامنٹ سکیورٹی کے خدشات کی وجہ سے جنوبی افریقہ میں منعقد کیا گیا تھا۔ انڈیا میں حکومت نے عام انتخابات کی وجہ سے سکیورٹی کے لیے ضروری یقین دہانی کرنے سے معذرت کی تھی۔
اس سال آئی پی ایل میں گزشتہ سال کی فاتح ٹیم راجستھان رائلز سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکی۔ اس سے پہلے راؤنڈ میچوں میں بنگلور کی ٹیم کی طرف سے کھیلتے ہوئے منیش پانڈے نے دکن کے خلاف آئی پی ایل ٹورنامنٹ کی تاریخ کی پہلی سنچری بھی بنائی۔
منیش یہ کارکردگی فائنل میں نہیں دہرا سکے اور چار رن پر آؤٹ ہو گئے۔
فائنل اوور میں بنگلور کو پندرہ رن درکار تھے لیکن ردرا پرتاب سنگھ نے ایسا نہیں ہونے دیا۔