شناختی کارڈ ساتھ رکھنے کی ہدایت


لاہور حملہ

لاہور خود کش حملے میں چھبیس افراد ہلاک ہوئے تھے

کیپٹل سٹی پولیس چیف پرویز راٹھور نے لاہور کےشہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھر سےنکلتے وقت اپنا قومی شناختی کارڈ ساتھ رکھیں اور پولیس کو حکم جاری کیا گیا ہے کہ وہ ناکوں پرشناختی کارڈ کی پڑتال ضرور کریں۔

لاہور میں بدھ کو ہو نے والے بم دھماکوں میں سترہ پولیس اہلکاروں سمیت چھبیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس دھماکے کے بعد لاہور میں سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے جمعہ کو پولیس افسروں کا ایک اہم اجلاس ہوا۔ اس اجلاس کے بعد کیپٹل سٹی پولیس چیف پرویز راٹھور نے لاہور کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ اپنے ساتھ رکھیں تاکہ ان کی شناخت میں آسانی رہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ شہریوں سے درخواست کرتے ہیں وہ اس معاملے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

سی سی پی او پرویز راٹھور سے بی بی سی نے پوچھا کہ شناختی کارڈ کی پابندی کیا عام شہریوں کی پریشانی میں اضافہ کا سبب نہیں بنےگی تو انہوں نے کہا کہ جب سکیورٹی ضروری ہو تو تھوڑی بہت پریشانی ضرور ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کے لیے شہریوں سے معذرت خواہ ہیں اور ان سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں کیونکہ بہرحال یہ ملک، قوم اور عوام سب کے حق میں ہے۔

بم حملہ

حملے کے بعد سڑک کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا

بعض شہری حلقوں نے سکیورٹی کے نام پر کیے جانے والے اقدامات کی مخالفت کی ہے جبکہ بعض کے خیال میں ایسا ہونا ضروری ہے۔

دھماکے کے بعد سے آئی ایس آئی کے ہیڈکواٹر سے ملحقہ سڑک لارنس روڈ اور کیپٹل سٹی پولیس چیف کے دفتر کے سامنے والی سڑک کوئنز روڈ کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔گنجان علاقے کی اس بندش کی وجہ سے مال روڈ سمیت اردگرد کی تمام شاہراہوں پر گھنٹوں ٹریفک بلاک رہی۔

پولیس افسروں کے اجلاس میں یہ تجویز بھی زیر غور آئی کہ حساس اور اہم عمارتوں کی سکیورٹی کے لیے بعض سڑکوں پر عام شہریوں کا داخلہ بند کر دیا جائے تاہم اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ پولیس اور فوج کی تفتیشی ٹیمیں بم دھماکے کی تفتیش کر رہی ہیں لیکن ابھی تک انہوں نے ملزموں کا سراغ لگانے کے سلسلے میں کسی واضح کامیابی کا اعلان نہیں کیا ہے۔

لاہور میں چیئرنگ کراس کے نزدیک ون فائیو ریسکیو کے مسمار ہونے والے دفتر کے سامنے ایک بینر لگا دیا گیا ہے جس پر لکھا ہے ’شہداء کو سلامٰ‘۔ پولیس اہلکار اور عام شہری اس بینر کے نیچے فٹ پاتھ پر پھول رکھ کر ہلاک شدگان کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ یادگار کی مجوزہ جگہ پر سلامی کے لیے آنے والے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سہیل سکھیرا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کی قربانی دیکر بڑے نقصان سے بچایا ہے، ان پر پوری قوم کو فخر ہے۔

Related Posts with Thumbnails