ائر فرانس کا ایک جہاز جس میں دو سو اٹھائیس مسافر سوار تھے، بحرِ اوقیانوس کے اوپر پرواز کے دوران لاپتہ ہوگیا ہے


ائرفرانس

مسافر بردار جہاز 228 مسافروں کو لے کر اتوار کی شام برازیل سے فرانس کے لیے روانہ ہوا تھا

۔

یہ جہاز مسافروں کو برازیل سے لے کر فرانس جہا رہا تھا کہ اٹلانٹک کے اوپر پرواز کے دوران ریڈار پر نظر آنا بند ہو گیا۔اس جہاز کو گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق صبح نو بجکر دس منٹ پر فرانس پہنچنا تھا۔

ایئر فرانس کے مطابق گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق صبح دو بجکر چودہ منٹ پر جہاز نے خود کار نظام کے تحت ایک پیغام بھیجا تھا کہ پرواز ناہموار ہونے کے بعد جہاز کے شارٹ سرکٹ میں خرابی پیدا ہوگئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ جہاز پر بجلی گری ہو تاہم کچھ حکام اس امکان کو تسلیم کرنے میں تامل رکھتے ہیں۔

اس خیال کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے کہ جتنی دیر سے جہاز لاپتہ ہے اتنے عرصے میں جہاز کا ایندھن ختم ہو گیا ہوگا۔

فرانس میں چارلس ڈی گال ائرپورٹ کا کہنا ہے کہ برزایل کے دارالحکومت ریئو ڈی جینیرو کے حکام کے جہاز کے ساتھ رابطہ گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق صبح چھ بجے ختم ہوگیا۔

برازیل کی فضائیہ نے تصدیق کی ہے کہ مسافر جہاز لاپتہ ہے اور فرناندو دی نورونہا کے جزیرے کے قریب تلاش اور امدادی کارروائیاں شروع ہیں۔

فلائٹ اے ایف 447 مقامی وقت کے مطابق اتوار کی شام سات بجے برازیل سے روانہ ہوئی اور اس میں دو سو سولہ مسافر اور عملے کے بارہ ارکان موجود تھے جن میں تین پائلٹ بھی ہیں۔

فرانس میں چارلس ڈی گال ائرپورٹ پر ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے اور کئی فرانسیسی جہاز بحرِ اوقیانوس کی طرف روانہ کیے گئے ہیں جو گمشدہ جہاز کی تلاش کر رہے ہیں۔


    Related Posts with Thumbnails